فضل نبی
نوشہرہ کے علاقے پبی میں چراٹ روڈ پر نامعلوم افراد نے چلتی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ دو دوست جاں بحق ہو گئے ہیں۔
مقتولین کی شناخت مشتاق اور افتخار کے نام سے ہوئی ہے جو پشاور کے علاقے ارمڑ پایاں کے رہائشی تھے اور مشترکہ طور پر پراپرٹی کا کاروبار کرتے تھے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق دونوں دوست اپنی کار میں معمول کے مطابق گاؤں سے نکلے تھے کہ چراٹ روڈ ڈاگبسود کے قریب گھات لگائے بیٹھے نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔
مقتول مشتاق کے بھائی عزیز اللہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں واضح کیا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی، تاہم نامعلوم افراد نے ان کے بھائی اور دوست کو نشانہ بنایا۔
پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ قتل کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔





