دکانوں اور مارکیٹس کی بندش کے اوقات سے متعلق حکومتی وضاحت جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات کار سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس کے تحت کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ پابندی ہفتے اور اتوار سمیت پورے ہفتے نافذ العمل ہوگی، تاہم ضروری خدمات کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

میڈیکل اسٹورز، اسپتالوں اور لیبارٹریز معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔

نوٹیفکیشن میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز پر ان اوقات کار کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہ معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔

اسی طرح تندور، بیکریز اور دودھ کی دکانوں کو بھی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاکہ روزمرہ ضروریات کی دستیابی برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: اینٹی کرپشن کورٹ خیبرپختونخوا کا گندم اسکینڈل کیس میں بڑا فیصلہ

دوسری جانب ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے رات 10 بجے تک بندش لازمی قرار دی گئی ہے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح شادی ہالز، بینکوئٹس اور شادی تقریبات بھی رات 10 بجے تک ختم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ گھروں اور فارم ہاؤسز میں ہونے والی تقریبات پر بھی یہی اوقات لاگو ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات 25 اپریل کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تسلسل میں کیے گئے ہیں اور تاحکم ثانی ان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد نظم و ضبط کو برقرار رکھنا اور شہری سہولیات کو بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔

Scroll to Top