چین پاکستان کو بھارت سے جنگ کبھی نہیں ہارنے دے گا، بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی کا اعتراف

بھارت کے نامور دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی بدلتی صورتحال پر اپنے تازہ تجزیے میں بھارتی حکام کو بڑے خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔

پراوین ساہنی کا کہنا ہے کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان اپنی عسکری ضروریات اور کمی کو انتہائی تیزی سے پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ چین پوری قوت کے ساتھ پاکستان کے پیچھے کھڑا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چین ایک تزویراتی ضرورت کے تحت کبھی یہ نہیں چاہے گا کہ پاکستان بھارت سے جنگ ہارے، اس لیے بیجنگ کا تعاون پاکستان کو بھارت پر برتری دلاتا ہے۔

عالمی سیاست کا ذکر کرتے ہوئے بھارتی تجزیہ کار نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ذاتی طور پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے سخت ناراض ہیں اور اگر اس بار پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ چھڑتی ہے تو واشنگٹن ماضی کی طرح جنگ بندی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال نہیں کرے گا۔

پراوین ساہنی کے مطابق پاکستان نے 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اپنی فوجی طاقت کو مزید منظم کر لیا ہے اور اب تینوں مسلح افواج کی کمان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہاتھ میں ہے، جس کا مطلب ہے کہ جنگ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی اور فوری فیصلہ اب صرف ایک ہی مرکز سے ہوگا۔

بھارتی تجزیہ کار نے ایٹمی صلاحیت کے حوالے سے بھی بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ کی نوبت آئی اور ضرورت پڑی تو پاکستان بھارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے ایٹمی ہتھیار تیار کرنے اور انہیں فوری طور پر استعمال کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

Scroll to Top