شیراز احمد شیرازی
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو طبی معائنے کے لیے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انہیں سخت سیکیورٹی کے حصار میں جیل سے ہسپتال لایا گیا جہاں ماہر امراضِ چشم ان کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ چیک اپ کریں گے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری رواں ماہ 17 اپریل کو الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال میں ہی کی گئی تھی، جس کے بعد جیل مینوئل کے مطابق ان کا طبی معائنہ اڈیالہ جیل کے اندر بھی باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے۔ تاہم، آج کی منتقلی سرجری کے بعد کے لازمی فالو اپ چیک اپ کا حصہ ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہسپتال میں تمام ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنے مکمل ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر ہسپتال کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔





