راولپنڈی : معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک افواج، بالخصوص پاک فضائیہ کی جانب سے ایک اہم پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں اس تاریخی کامیابی کو قومی دفاع کا سنگِ میل قرار دیا گیا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ معرکۂ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی توانائی دی بلکہ مسلح افواج کے ادارہ جاتی عزم کو بھی مزید مضبوط کیا، جبکہ پاک فضائیہ کی جدید جنگی صلاحیتیں عالمی سطح پر نمایاں ہو کر سامنے آئیں۔
بیان کے مطابق پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سسٹمز اور منفرد و جدید صلاحیتوں کے ساتھ مستقبل کی ایک مؤثر فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے اسے جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران کیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کی مثال ہیں، جنہوں نے نہ صرف دشمن کو مؤثر جواب دیا بلکہ قوم کے حوصلے اور حب الوطنی کے جذبے کو بھی تقویت دی۔
بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور پختہ حکمت عملی کے تحت خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔
مزید کہا گیا کہ پاک افواج خطے کی بدلتی صورتحال اور دشمن کی جارحانہ تیاریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت اور درستگی کے ساتھ دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوزوکی نےپاکستان میں نئی گاڑی لانچ کردی، قیمت کا اعلان
معرکۂ حق میں دشمن نے پاکستان کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دیکھ لیا، اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب مزید سخت ہوگا۔
بیان میں پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے ملکی فضائی حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مزید کہا گیا کہ پاک فضائیہ کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائیاں ملکی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہیں، جبکہ اس کی پیشہ ورانہ برتری اور جدید صلاحیتیں اسے دنیا کی نمایاں فضائی افواج میں شامل رکھتی ہیں۔
اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کے لیے فخر اور طاقت کی علامت بنی رہے گی۔پاکستان ہمیشہ زندہ باد





