اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے تسلسل پر انہیں قوی امید ہے اور خطے میں پائیدار امن کا امکان پیدا ہوا ہے۔ ان کے مطابق اس کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ رکوانے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
گلگت بلتستان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا دونوں فریقین سے مسلسل رابطے رکھے اور دن رات سفارتی کوششیں جاری رکھیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف جنگ بندی ممکن ہوئی بلکہ اس میں توسیع بھی کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے یہ جنگ بندی مستقل امن کی بنیاد بنے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں استحکام پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہم ہے، کیونکہ علاقائی امن ہی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے گلگت بلتستان کی ترقی کو قومی ترقی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جب تک آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ترقی کے عمل میں مکمل طور پر شامل نہیں ہوتے، پاکستان کی مجموعی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور سری لنکا کے اسپیشل فورسز کی اہم مشترکہ مشق اختتام پذیر
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں بار بار گلگت بلتستان کا دورہ کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیرِاعظم نے گلگت بلتستان میں چار دانش اسکولوں کا سنگِ بنیاد رکھا جبکہ مفت سولر پینلز، سیف سٹی گلگت اور سیف سٹی اسکردو منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔





