بنگلادیش ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، بابر اعظم کے باعث ٹیم میں بے چینی بڑھ گئی

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، اسٹار بیٹر بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث میچ سے باہر ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم بائیں گھٹنے کی تکلیف کے باعث ڈھاکا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کی انجری کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ان کی فٹنس سے متعلق مزید اپ ڈیٹس بعد میں جاری کی جائیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘ٹیم کے میڈیکل پینل کی جانب سے بابر اعظم کی حالت کا معائنہ جاری ہے، مزید معلومات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 مئی تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : امید ہے ایران امریکا جنگ بندی برقرار رہے گی، جنگ رکوانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا: وزیراعظم

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی موجودہ درجہ بندی میں بنگلادیش 8ویں نمبر پر ہے، جس نے اب تک ایک میچ ڈرا اور ایک میں شکست کا سامنا کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ایک فتح اور ایک شکست کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

پاکستان اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

بنگلادیشی ٹیم کی قیادت نجم الحسن شانتو کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مشفیق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن میراز، تسکین احمد اور شرفالاسلام شامل ہیں۔

Scroll to Top