4 جولائی تک ڈیل نہ ہوئی تو زیادہ ٹیرف لگے گا: ٹرمپ کی یورپی یونین کو دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو 4 جولائی تک امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ منظور کرنے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بصورت دیگر بھاری ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ اقدام دونوں فریقین کے درمیان پہلے سے جاری تجارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

امریکی صدر نے جمعرات کے روز کہا کہ یورپی یونین کو امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے کرنے کے لیے 4 جولائی کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، جو امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع سے بھی منسلک ہے۔ ان کے مطابق اگر اس وقت تک معاہدہ طے نہ پایا تو یورپی مصنوعات پر ٹیرف میں نمایاں اضافہ کر دیا جائے گا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یورپی یونین کے قانون ساز اور رکن ممالک تجارتی معاہدے پر حتمی اتفاق رائے حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ادویات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، سینیٹ اجلاس میں ہوشربا انکشاف

ٹرمپ نے یورپی کمیشن کی صدر سے بات چیت کے بعد اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور تاخیر کی صورت میں سخت تجارتی اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یورپ سے امریکا درآمد ہونے والی کاروں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان بھی کر چکے ہیں، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان تجارتی تنازع مزید بڑھ گیا تھا۔

Scroll to Top