حج 2026: رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی جنرل اتھارٹی نے حج سیزن 2026 کے لیے رضاکارانہ خدمات کے متعدد مواقع متعارف کرا دیے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد حج کے دوران زائرین کی خدمت میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو مختلف شعبوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کے تحت مملکت میں رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اعلان کردہ رضاکارانہ خدمات میں مذہبی رہنمائی، تعلیمی معاونت، نماز کی صفوں کی ترتیب میں مدد، اسکرینز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی نگرانی، ترجمے کی سہولیات، فیلڈ آگاہی مہمات اور مسجد نبوی ﷺ میں زائرین کی خدمت جیسے اہم امور شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے حجاج کرام اور زائرین کو بہتر سہولتیں اور موثر رہنمائی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

جنرل اتھارٹی کے مطابق رضاکارانہ خدمات میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد نیشنل پلیٹ فارم فار والنٹیئر ورک کے ذریعے اپنی رجسٹریشن اور درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

اس پلیٹ فارم پر دستیاب مختلف خدمات کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ امیدوار اپنی دلچسپی کے مطابق شعبے کا انتخاب کر سکیں۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج کے دوران زائرین کو سہولت فراہم کرنا اور ان کے مذہبی فرائض کی ادائیگی کو مزید آسان بنانا ہے۔

جبکہ سعودی وژن 2030 کے تحت معاشرتی ذمہ داری اور رضاکارانہ کلچر کو فروغ دینے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

Scroll to Top