ماضی میں صرف دعوے ہوئے، عملی کام ہم نے شروع کیے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ماضی میں مختلف قسم کا پروپیگنڈا کیا جاتا رہا، تاہم عملی طور پر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں کی گئی۔

سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں اس وقت متعدد بڑے ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا منصوبہ 2017 میں منظور کیا تھا، جس کی لاگت اس وقت 4 سے 5 ارب روپے تھی، تاہم اب یہ بڑھ کر تقریباً 9 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 54 ایکڑ اراضی پر جدید پارک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ 18 ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار قابلِ ذکر ہے اور سیالکوٹ میں ترقی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ سال بارشوں کے دوران سیالکوٹ کے تینوں نالوں میں طغیانی سے نقصان ہوا تھا، جس کے بعد نالوں سے تقریباً 7 ہزار ٹن کچرا نکالا گیا۔ ان کے مطابق شہر میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کرنے والوں کو خود اپنی تعمیرات ہٹانا ہوں گی، ورنہ انتظامیہ کارروائی کرے گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا اور ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔

Scroll to Top