ٹوبہ ٹیک سنگھ: سابق صوبائی وزیر اور رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی کے ڈیرے پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مخالفین کی جانب سے ایوب گادھی کے ڈیرے پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے باعث متعدد افراد نشانہ بنے۔ فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے ایوب گادھی کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : عید سے پہلے بڑی خوشخبری، بی آئی ایس پی رقم جاری کرنے کا اعلان
پولیس حکام کے مطابق سینئر افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جبکہ شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔





