کالام میں مقامی لوگوں کی من مانی کے باعث سیاحوں سے بھری 4 کوسٹرز واپس لوٹ گئیں

اکرام صدیقی

سوات : کالام میں سیاحت کے لیے جانے والے سیاحوں کو مبینہ طور پر مقامی جیپ ایسوسی ایشن کی جانب سے روکنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے باعث چار کوسٹرز پر مشتمل سیاحوں کا گروپ واپس لوٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا سے آنے والے سیاح مہوڈنڈ جھیل کی سیر کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں کالام جیپ ایسوسی ایشن کے بعض عہدیداروں نے انہیں روک دیا اور کہا کہ وہ مہوڈنڈ تک کا سفر صرف مقامی جیپوں کے ذریعے ہی کریں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی گاڑیوں میں آگے جانے سے زبردستی روکا گیا اور بعض شرپسند عناصر کی جانب سے خواتین اور بچوں کے سامنے مبینہ طور پر تشدد بھی کیا گیا، جس کے بعد وہ احتجاجاً واپس چلے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کالام موقع پر پہنچے، تاہم سیاحوں کے مطابق انہیں مکمل شنوائی نہیں مل سکی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو روکنے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، بلاسود الیکٹرک بائیک اسکیم کا اعلان

دوسری جانب مقامی افراد اور سول سوسائٹی نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کی سیاحت اور ساکھ متاثر نہ ہو۔

مقامی سطح پر یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جیپ ایسوسی ایشن کی جانب سے سیاحوں کو اپنی گاڑیوں کے بجائے صرف مخصوص جیپوں میں سفر کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی گئی، جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہوئی اور سیاحوں کو واپس جانا پڑا۔

یہ واقعہ سوات کے سیاحتی علاقے کالام میں سیاحوں اور مقامی ٹرانسپورٹ گروپ کے درمیان تنازع کی ایک سنگین مثال کے طور پر سامنے آیا ہے، جس پر حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top