اب واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیےماہانہ پیسے دینے ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اب واٹس ایپ استعمال کرنے کےلیےماہانہ پیسے دینے ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

میٹا کی ملکیت والے دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے ‘واٹس ایپ پلس’ کے نام سے ایک نئی پیڈ پریمیئم سبسکرپشن سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ سروس فی الحال محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے جسے جلد ہی دنیا بھر میں پیش کر دیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق اس سبسکرپشن کی ماہانہ فیس 2.49 یورو (تقریباً 2.99 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے۔ تاہم صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ واٹس ایپ کی بنیادی سروسز جیسے میسجنگ، کالز اور فائل شیئرنگ بدستور مفت رہیں گی اور فیس صرف اضافی فیچرز کے لیے ہوگی۔

واٹس ایپ پلس کے تحت صارفین کو چیٹ پننگ کی حد میں بڑی رعایت دی گئی ہے۔ مفت ورژن میں صرف 3 چیٹس پن کرنے کی اجازت ہوتی ہے لیکن پریمیئم صارفین اب اپنی 20 اہم چیٹس کو لسٹ میں سب سے اوپر پن کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ پریمیئم صارفین کو کسٹم ایپ آئیکنز، منفرد تھیمز، مخصوص رنگ ٹونز اور خصوصی اینیمیٹڈ اسٹیکرز فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اینیمیٹڈ اسٹیکرز اتنے جدید ہیں کہ یہ ان صارفین کو بھی نظر آئیں گے جنہوں نے سبسکرپشن نہیں لی ہوگی۔

سبسکرپشن کا ایک اور جاندار فیچر ‘انہانسڈ چیٹ لسٹ’ ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے مختلف گروپس (مثلاً دفتری ساتھیوں یا فیملی) کی الگ لسٹ بنا کر ان تمام چیٹس پر ایک جیسا تھیم یا نوٹیفکیشن ٹون سیٹ کر سکیں گے۔

معاشی ماہرین کے مطابق 2014 میں واٹس ایپ کی خریداری کے بعد میٹا کی جانب سے اس ایپ سے براہِ راست آمدنی حاصل کرنے کی جانب یہ پہلا بڑا قدم ہے۔ یاد رہے کہ واٹس ایپ پلس کا بیٹا ورژن گزشتہ ماہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

Scroll to Top