پی ٹی آئی ایم این اے اقبال آفریدی کے بیٹے کا اٹلی میں اسائلم، اہم انکشاف سامنے آگیا

پی ٹی آئی ایم این اے اقبال آفریدی کے بیٹے کا اٹلی میں اسائلم، اہم انکشاف سامنے آگیا

پی ٹی آئی ایم این اے اقبال آفریدی کے بیٹے کے اٹلی میں اسائلم کا انکشاف، سینیٹ کمیٹی میں بحث چھڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی ایم این اے اقبال آفریدی کے بیٹے کی جانب سے اٹلی میں اسائلم لیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

اجلاس کے بعد اقبال آفریدی پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے اور صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔

بعد ازاں گفتگو میں اقبال آفریدی نے اپنے بیٹے کے مبینہ اسائلم کیس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بیٹے نے ایسا اقدام کیا ہے تو یہ کوئی انوکھا معاملہ نہیں، ماضی میں بھی کئی افراد اس طرح کے فیصلے کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان اور سیاسی استحکام کی صورتحال تشویشناک ہے، جس کے باعث لوگ بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک جانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئے روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے عوام خصوصاً نوجوانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔

اقبال آفریدی نے مزید کہا کہ کئی بین الاقوامی کمپنیاں بھی ملک سے جا چکی ہیں، جس سے معاشی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق ملک میں موجود حالات بعض افراد کو ہجرت پر مجبور کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انہیں موقع ملا اور وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ سیاسی قیادت کو انصاف نہیں مل رہا تو یہ بھی ملک کے موجودہ حالات پر سوالیہ نشان ہوگا۔

اس انکشاف کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں بحث تیز ہو گئی ہے۔

Scroll to Top