اسلام آباد: حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرا کے نظام کو ملک بھر میں یکساں بنا دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو اب مختلف صوبوں سے الگ الگ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ کے مطابق بیرون ملک جانے والے افراد اور ملازمت کے خواہشمند شہریوں کی آسانی کے لیے پہلی مرتبہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا ڈیٹا یکجا کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اب کریکٹر سرٹیفکیٹ صرف نیشنل پولیس بیورو سے جاری کیا جائے گا، جہاں شہریوں کا مرکزی ریکارڈ محفوظ کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے چین کی مارکیٹ میں پہلا “پانڈا بانڈ” جاری کر دیا
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت پولیس ویری فکیشن کا عمل تیز اور مؤثر ہو جائے گا کیونکہ تمام ڈیٹا ایک مرکزی پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شہری اب گھر بیٹھے آن لائن بھی کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور نظام میں شفافیت بھی بڑھے گی۔





