پاکستان نے چین کی مارکیٹ میں پہلا “پانڈا بانڈ” جاری کر دیا

اسلام آباد: پاکستان نے چین کی مقامی کیپیٹل مارکیٹ میں اپنا پہلا “پانڈا بانڈ” کامیابی سے جاری کر دیا ہے، جسے ملکی مالیاتی حکمتِ عملی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے 1.75 ارب یوآن کے بانڈز کے اجرا کے لیے مارکیٹ میں پیشکش کی تھی، جس کے جواب میں 8.8 ارب یوآن کی بولیاں موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمل میں پاکستان کو تقریباً 5 گنا زیادہ ڈیمانڈ کا سامنا رہا۔

خرم شہزاد کے مطابق بانڈ پر پاکستان کو 2.5 فیصد کی پرکشش شرحِ سود پر پیشکش ملی، جو عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کی معاشی اصلاحات اور استحکام کے عمل پر اعتماد کر رہے ہیں، اور ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سرکاری تفصیلات کے مطابق پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے ذریعے چین کی بڑی اور گہری مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کر رہا ہے۔ اس اقدام کو مالیاتی ذرائع کی تنوع اور عالمی مالیاتی نظام میں پاکستان کی شمولیت کی سمت اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، پاکستان ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے، دفتر خارجہ

پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب امریکی ڈالر رکھا گیا ہے، جبکہ ابتدائی اجرا 250 ملین ڈالر کے مساوی ہے۔ اس پروگرام کو ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کی معاونت بھی حاصل ہے، جس سے اس کی ساکھ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی معاشی بحالی، سرمایہ کاری میں اضافے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں موجودگی کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔

Scroll to Top