بلوچستان میں دہشتگردوںکیخلاف گھیرا تنگ، کارروائیوں میں تیزی، آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا گیا

بلوچستان میں دہشتگردوںکیخلاف گھیرا تنگ، کارروائیوں میں تیزی، آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا گیا

بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال سے متعلق حکام کی جانب سے جاری تازہ معلومات کے مطابق صوبے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ عرصے میں بعض شدت پسند گروہوں نے بڑے دعووں پر مشتمل کارروائی کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اداروں کے مطابق ان کوششوں کو مؤثر جواب دیا گیا اور متعدد کارروائیوں میں شدت پسند عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی ناکامیوں کے بعد بعض گروہوں نے چھوٹے پیمانے پر ہٹ اینڈ رن حکمت عملی اختیار کی ہے، جن میں دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں نقل و حرکت اور شہری آبادی میں چھپنے کی کوششیں شامل ہیں۔ ان گروہوں کی جانب سے بعض چھوٹے حملوں یا واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق بلوچستان میں روزانہ کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جبکہ حالیہ دنوں میں متعدد کارروائیوں میں شدت پسند عناصر کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں متعدد مطلوب کمانڈرز اور اہم نیٹ ورک سے وابستہ افراد کی ہلاکتوں کی بھی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لیویز فورس اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اصلاحات اور تربیتی پروگرام بھی تیز کیے جا رہے ہیں، جبکہ نگرانی اور تکنیکی انٹیلی جنس کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بعض عناصر کی جانب سے اب نرم اہداف کو نشانہ بنانے کی کوششیں دیکھی گئی ہیں، جن میں نقل و حمل کے ذرائع، عام شہریوں سے متعلق سرگرمیاں اور دیگر کمزور مقامات شامل ہیں، تاہم ریاستی ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق بلوچستان میں ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی شرکت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ وہ امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top