خیبر پختونخوا میں تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کی بندش کے اوقات کار معطل، نوٹیفکیشن جاری

محمد اعجازآفریدی
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار اور بندش سے متعلق جاری کیے گئے احکامات عارضی طور پر معطل کر دیے ہیں۔

چیف سیکرٹری آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد کاروباری سرگرمیوں، مارکیٹس، پلازوں اور دیگر تجارتی اداروں کے لیے مقررہ بندش کے اوقات پر عمل درآمد فی الحال روک دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ اگلے احکامات تک نافذ رہے گا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ شہریوں، تجارتی مراکز، ریسٹورنٹس، شادی ہالز، صنعتوں اور سرکاری دفاتر کو توانائی کے بچت کی ہدایات جاری رہیں گی۔عوام سے غیر ضروری بجلی، اضافی لائٹس اور ایئر کنڈیشنرز کے بے جا استعمال سے گریز کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔

اعلامیہ کےمطابق یہ احکامات 16 مئی 2026 سے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کی نقول تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top