سی ایس ایس امتحانات میں امیدواروں کی ناکامی کی بنیادی وجوہات سامنے آ گئیں

سی ایس ایس امتحانات میں ہر سال ہزاروں امیدواروں کی ناکامی کی بنیادی وجوہات سامنے آ گئی ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انگریزی زبان پر کمزور گرفت، فکری وسعت کی کمی اور اختیاری مضامین کا غیر موزوں انتخاب امیدواروں کی ناکامی کے بڑے اسباب ہیں۔

قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق بیشتر امیدوار معیاری مضمون نویسی اور جامع خلاصہ (پریسے) تحریر کرنے کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتے۔

طلبہ میں اپنے خیالات کو مربوط، منظم اور مؤثر انداز میں بیان کرنے کی صلاحیت بھی انتہائی محدود پائی گئی ہے، جبکہ درست اور غلط معلومات میں فرق کرنے اور منطقی انداز میں دلائل پیش کرنے میں بھی نمایاں کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ کی ہونہار طالبہ نے سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ہر سال تقریباً دو سو نشستوں کے لیے پچیس سے تیس ہزار امیدوار امتحان میں شریک ہوتے ہیں، جس کے باعث ایک نشست کے لیے اوسطاً ایک سو پچیس سے ایک سو تینتیس امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آتا ہے۔

دستاویز میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ متعدد نوجوان بغیر مناسب تیاری، واضح حکمتِ عملی اور قومی امور یا پبلک پالیسی کی بنیادی سمجھ بوجھ کے بغیر امتحان میں شریک ہو جاتے ہیں، جو بالآخر ان کی ناکامی کا سبب بنتا ہے۔

Scroll to Top