باجوڑ: قبائلی ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والی منیبہ حسین نے سول سروسز آف پاکستان (CSS 2025) میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹاپ گروپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ہے، جس کے بعد انہوں نے خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں کا نام روشن کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محمد ارشد حسین کی صاحبزادی منیبہ حسین نے 24 سال کی عمر میں پہلی ہی کوشش میں سی ایس ایس کا امتحان کامیابی سے پاس کیا اور انہیں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) میں الاٹ کیا گیا ہے۔
منیبہ حسین کا تعلق باجوڑ کے علاقے وڑہ ماموند سے ہے اور وہ پاکستان نیوکلئیر انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن لینگویجز (NUML) پشاور سے انگلش لسانیات میں بی ایس کی ڈگری رکھتی ہیں۔ وہ اپنے علاقے سے PAS میں شامل ہونے والی پہلی خاتون بھی بن گئی ہیں۔
ان کے والد ڈاکٹر محمد ارشد حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منیبہ نے اسلامیہ کالج پشاور سے ایف ایس سی کی اور گریجویشن کے دوران ہی سی ایس ایس کرنے کا عزم کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران مذاکرات: ٹرمپ نے ایران سے رابطوں کی تصدیق کردی
ان کے مطابق بیٹی نے دن رات محنت کی اور گھر میں مسلسل تعلیمی ماحول اور دعاؤں نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر ارشد حسین نے کہا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، اور آج کے جدید دور میں بھی اگر نوجوان اپنی تعلیم پر توجہ دیں تو کامیابی ضرور ان کا مقدر بنتی ہے۔
منیبہ حسین کی کامیابی کو علاقے میں ایک اہم سنگ میل اور نئی نسل کے لیے حوصلہ افزا مثال قرار دیا جارہا ہے۔





