گورنر اور وزیراعلیٰ کی اہم ملاقات، خیبرپختونخوا کے مستقبل سے جڑے بڑے فیصلے زیر غور

گورنر اور وزیراعلیٰ کی اہم ملاقات، خیبرپختونخوا کے مستقبل سے جڑے بڑے فیصلے زیر غور

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گورنر ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سی این جی اسٹیشنز کی بندش اور پنجاب سے گندم کی ترسیل میں رکاوٹ کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں سی این جی کی بندش آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، جبکہ گندم اور سی این جی کی فراہمی میں تعطل سے عام شہری، خصوصاً غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر پنجاب کی جانب سے راہداری فراہم کی جائے تو خیبرپختونخوا سندھ سے بھی گندم حاصل کر سکتا ہے، تاہم راہداری نہ ہونے کے باعث صوبے کو گندم مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت خیبرپختونخوا کو گندم فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔

ملاقات میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، وزیر اطلاعات شفیع جان اور چیف سیکرٹری بھی موجود تھے۔ اس دوران پولیس کی تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر اہم انتظامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

گورنر نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ دیگر صوبوں کی پولیس تنخواہوں اور مراعات کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کی جائیں۔

اس موقع پر گورنر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ساوتھ ایشیا کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹرینز کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جسے انہوں نے صوبے کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا۔

Scroll to Top