پشاور:پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی، امن و امان، کرپشن، ترقی اور گورننس جیسے اہم مسائل موجود ہیں، تاہم ان پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور عمران خان کے بیانیے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
پشاور پریس کلب میں کانفرنس کرتے ہوئے محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے، پشاور سے آبائی حلقے میں ڈیرے ڈالنے کے بعد چارسدہ اور باجوڑ جانے کا پروگرام ہے، جبکہ دیگر علاقوں کے دورے بھی کیے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق جن اضلاع میں پی ٹی آئی کی قیادت پہنچ رہی ہے، وہاں دوسری سیاسی جماعتوں کو جلسے، احتجاج یا اجتماعات کرنے کا موقع نہیں مل رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس صورتحال کا نقصان آخر کس کو ہو رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی اور امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ گورننس اور کرپشن کے مسائل بھی موجود ہیں، لیکن ان معاملات پر توجہ دینے کے بجائے نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے اور ان کے ذہنوں میں نفرتیں اور اختلافات پیدا کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی
انہوں نے کہا کہ صوبے کی موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے، روزگار اور ترقی متاثر ہو رہی ہے جبکہ روزانہ جنازے اٹھ رہے ہیں اور سکیورٹی فورسز و پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے نمائندوں پر اعتماد کرکے انہیں منتخب کیا، لیکن وہ اس کے باوجود ڈیلیور نہیں کر پا رہے۔
محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے پاکستان پیپلز پارٹی یا حکومت صوبے میں سیاسی مداخلت یا تبدیلی کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ حکومت صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنا چاہتی ہے تو سوال یہ ہے کہ وہ ایسا کیوں چاہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں پے در پے واقعات، کرک میں ایس ایچ او اور گنر شہید
انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے، ترقی، کرپشن کے سدباب اور گورننس کے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے مزید کہا کہ ماضی میں منتخب نمائندے سائیکل پر اسمبلی آتے تھے، جبکہ آج کروڑ پتی اور ارب پتی بن کر لینڈ کروزر میں گھوم رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نئی آٹو پالیسی میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کا بڑا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو صوبے میں جہاں جانا ہو، دن ہو یا رات، جانے کی آزادی ہے، لیکن دوسری سیاسی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کا موقع نہیں دیا جا رہا۔
محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی قیادت سمجھتی ہے کہ پورے صوبے کے دورے کرتے رہنے سے مسائل حل ہوجائیں گے تو اسے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اس صورتحال کا نقصان کس کو ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق اس کا نقصان باہر کے لوگوں کو نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے عوام، نوجوانوں اور صوبے کے لوگوں کو ہو رہا ہے۔





