پشاور:خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 142 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 912 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس وقت ڈینگی کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 174 ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: ایل آر ایچ سے اغوا ہونے والا نومولود بچہ بازیاب
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ 2 ہزار 738 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے ایک نوجوان جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب خیبر میں پاک افغان سرحد کے قریب گاؤں باچا مینہ کے رہائشی نوجوان خورشید انور کے ڈینگی کے باعث جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق خورشید انور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں زیرِ علاج تھے، جہاں آج ان کا انتقال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً ایک ہفتہ قبل ڈینگی سے متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، تاہم دورانِ علاج وہ جانبر نہ ہوسکے۔
تاہم ڈی ایچ او خیبر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ خورشید انور نامی مریض کا کیس محکمہ صحت کے ریکارڈ میں رجسٹرڈ نہیں ہے اور انہیں اس حوالے سے معلومات نہیں ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق لنڈی کوتل میں اب تک ڈینگی کے 19 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں 3 مقامی جبکہ 16 دیگر علاقوں سے آنے والے افراد کے کیسز شامل ہیں۔ اس وقت 7 مریض ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
دوسری جانب علاقائی مشران نے لنڈی کوتل میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر انسدادِ ڈینگی اقدامات نہ ہونے کا شکوہ کیا ہے۔
مشران کا کہنا ہے کہ ماضی میں مچھر مار اسپرے اور مچھر دانیوں کی تقسیم سمیت مختلف حفاظتی اقدامات کیے جاتے رہے ہیں، تاہم رواں سال ایسی سرگرمیاں محدود دکھائی دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں پے در پے واقعات، کرک میں ایس ایچ او اور گنر شہید
علاقائی مشران نے مطالبہ کیا ہے کہ لنڈی کوتل میں ڈینگی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، مؤثر انسدادِ ڈینگی مہم شروع کی جائے اور مبینہ غفلت یا عدم توجہی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
ادھر صوبے کے اعداد و شمار کے مطابق کوہاٹ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 824 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پشاور میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 419 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بنوں میں 122، ضلع خیبر میں 101، ہری پور میں 77 جبکہ چارسدہ میں 54 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔





