باجوڑ میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، سوات میں جائیداد کے تنازع پر دو بھائی جاں بحق

محمد عباس باجوڑ، شہزاد نوید سوات
پشاور: باجوڑ اور سوات میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوات کے واقعے میں 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

باجوڑ میں تھانہ خار کے علاقے یوسف آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زیرِ علاج ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت غلام محمد ولد امین جان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرا زخمی شخص صاحب خان ولد خان بادشاہ تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے دونوں افراد کا تعلق تحصیل سالارزئی کے علاقے طوفان شاہ سے ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کیلئے بڑا جھٹکا، سرکاری وسائل کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ پہنچ گیا

دوسری جانب سوات کے علاقے آلہ آباد چارباغ میں جائیداد کے تنازع پر بھائیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق دو روز قبل تھانہ چارباغ کی حدود آلہ آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں یعقوب خان اور رستم خان پسران اکرم خان جاں بحق جبکہ عصمت اللہ زخمی ہوا تھا۔ واقعے کا تھانہ چارباغ میں کراس ورژن مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : صوبے میں بدامنی اور کرپشن، سہیل آفریدی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے، محمد علی شاہ باچا

ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے سخت نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ چارباغ نثار الدین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سجاد، معراج، رحمت اللہ، یوسف خان اور رستم خان شامل ہیں، جن کا تعلق گلی باغ سے بتایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر پیش آنے کا معلوم ہوا ہے، جس میں بھتیجے کی فائرنگ سے چچا جبکہ بھائی کی کلہاڑی کے وار سے دوسرا بھائی جاں بحق ہوا۔

Scroll to Top