مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق یہ بات انہوں نے جاتی امرا میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملکی اور علاقائی صورتحال، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے نواز شریف کو آئندہ بجٹ سے متعلق بریفنگ دی اور معاشی منصوبوں پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے ہدایت کی کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے عوام پر مالی بوجھ کم ہو اور مہنگائی میں واضح کمی لائی جا سکے۔
نواز شریف نے کہا کہ اگر مہنگائی پر قابو پا لیا جائے تو عوام کو حقیقی سکون میسر آئے گا، اس لیے حکومت کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آئے۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے، جبکہ مسلسل سفارتکاری اور مذاکرات ہی پائیدار حل کا راستہ ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف معیشت کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، اور پاکستان مستقبل میں ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی سمت بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق برآمدات میں اضافہ ہوا تو 2035 تک پاکستان دنیا کی مضبوط معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔





