سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا

سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد حج اور عید الاضحیٰ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق اس سال عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی ، فریضہ حج کی ادائیگی 25مئی سےشروع ہوگی جبکہ مناسک حج کا اہم ترین رکن وقوفِ عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔

عید الضحیٰ اور حج اسلام کے اہم ترین مذہبی فرائض میں شمار ہوتے ہیں جن کی ادائیگی ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان سعودی عرب میں کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ذی الحج کا چاند، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان سامنے آ گیا

انڈونیشیا میں بھی ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد انڈونیشین وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔

اسی طرح ملائیشیا میں بھی ذی الحج کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے، ملائیشین میڈیا کے مطابق وہاں بھی عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔

دونوں ممالک میں چاند نظر آنے کے بعد مذہبی حکام نے ذی الحج کے آغاز کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے عید الاضحیٰ کی تاریخ طے کر دی ہے۔

عید الاضحیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قربانی اور عبادت کا اہم مذہبی تہوار ہے، جو ذی الحج کے 10ویں دن منایا جاتا ہے۔

Scroll to Top