سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کابینہ کی توسیع میں ضلع شانگلہ کو نظرانداز کیے جانے پر وزیراعلیٰ سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اپنی مرضی سے کابینہ تشکیل دینے کا اختیار حاصل ہے تاہم بعض فیصلے پارٹی مفاد میں بھی کرنے پڑتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ وفاقی وزیر امیر مقام، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اور سینیٹر نیاز کا تعلق شانگلہ سے ہے جبکہ بعض اضلاع کو تین تین نمائندگیاں دی گئی ہیں لیکن شانگلہ کو کابینہ میں نمائندگی نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: کابینہ میں توسیع کے معاملے پر پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات، رکن اسمبلی کھل کر سامنے آگئے
سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے سوال اٹھایا کہ کیا شانگلہ کو نظرانداز کر کے عوام کو مایوس نہیں کیا گیا؟
واضح رہے کابینہ میں توسیع کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اندرونی اختلافات سامنے آرہے ہیں، متعدد ارکان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے نئے ارکان کی کابینہ میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے





