راولپنڈی اور اسلام آباد میٹرو بس سروس ملازمین کے احتجاج کے باعث کچھ وقت کیلئے معطل رہی، تاہم بعد ازاں احتجاج ختم ہونے پر بس سروس بحال کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق میٹرو بس سروس کے ملازمین نے برطرفیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میٹرو ٹریک پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث بس سروس روک دی گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاج میں میٹرو کی خواتین ملازمین نے بھی شرکت کی جبکہ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے برطرفیوں کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ برطرف کیے گئے ملازمین کے کنٹریکٹس 2027 تک موجود ہیں، اس کے باوجود انہیں ملازمتوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دو ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں۔
احتجاجی ملازمین کے مطابق میٹرو بس سروس کا ٹھیکہ ایک نئی کمپنی کو دے دیا گیا ہے، جس کے بعد موجودہ ملازمین کو نکالا جا رہا ہے۔
مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ملازمین کو انصاف فراہم کریں۔





