بلوچستان کے ضلع ژوب میںسیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو ژوب کے سمبازہ سیکٹر میں واقع تودہ اوبہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پرسیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی فورسز کے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی ایک بار پھر اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی و افغان پراکسی دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
آخری اطلاعات تک علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری تھا۔





