پشاور: خیبرپختونخوا میں گیسٹرو کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، گزشتہ 14 دنوں میں 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق، صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 24 فروری سے 2 مارچ کے درمیان 19 ہزار 534 گیسٹرو کے کیسز درج کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے 2082 طبی مراکز میں سے 1826 نے گیسٹرو کے متاثرہ مریضوں کے اعداد و شمار فراہم کیے۔ پشاور شہر میں سب سے زیادہ 2 ہزار 591 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ چارسدہ میں 1913، سوات میں 1369، ڈیرہ اسماعیل خان میں 1202، نوشہرہ میں 1086 اور دیر لوئر میں 1012 کیسز سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں غیر قانونی طورپر مقیم افغان شہریوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
صوبے میں سانس اور سینے کی بیماریوں کے 8 ہزار 367 کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ مچھروں اور مکھیوں سے پھیلنے والی بیماریوں سے 3 ہزار 845 افراد متاثر ہوئے ہیں۔