Apple نے اپنے صارفین کے لیے ایک نئی پروموشنل آفر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت نئے Apple Card صارفین کو مفت AirPods Pro 3 ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی آئندہ ہفتے امریکا میں اپنے ریٹیل اسٹورز پر نئی سائن اپ آفر متعارف کرا سکتی ہے۔ اس آفر کے تحت جو صارفین اسٹور پر جا کر ایپل کارڈ کے لیے رجسٹریشن مکمل کریں گے، انہیں ایئر پوڈز پرو 3 کی خریداری پر 249 ڈالر تک کیش بیک دیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چونکہ امریکا میں ایئر پوڈز پرو 3 کی قیمت بھی 249 ڈالر ہے، اس لیے صارفین مؤثر طور پر یہ وائرلیس ایئربڈز مفت حاصل کر سکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے ایپل کارڈ پر دیے جانے والے اس کیش بیک کو “ڈیلی کیش” کہا جاتا ہے، جو رجسٹریشن مکمل ہونے کے اسی دن صارف کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ایپل کارڈ پہلی مرتبہ 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا اور یہ سہولت اس وقت صرف امریکا میں دستیاب ہے۔ اس ڈیجیٹل کریڈٹ کارڈ کو آئی فون کی والیٹ ایپ کے ذریعے استعمال اور مینیج کیا جا سکتا ہے، جہاں صارفین اپنی خریداری اور اخراجات کی تفصیلات آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : موبائل فونز مزید مہنگے ہونیوالے ہیں؟ بڑی وجہ نے صارفین کو پریشان کر دیا
ایپل کارڈ پر کسی قسم کی سالانہ فیس عائد نہیں کی جاتی، جبکہ Apple Pay کے ذریعے خریداری پر 2 سے 3 فیصد تک کیش بیک دیا جاتا ہے۔ فزیکل کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کو ایک فیصد کیش بیک ملتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کارڈ استعمال کرنے والے صارفین ہائی ییلڈ سیونگ اکاؤنٹ کی سہولت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ کارڈ 2019 میں Goldman Sachs اور Mastercard کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا تھا۔





