ایم جی موٹر نے پاکستان میں نئی الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی

ایم جی موٹر پاکستان نے مقامی آٹو مارکیٹ میں اپنی نئی الیکٹرک ہیچ بیک گاڑی “ایم جی فور ای وی اربن” متعارف کرا دی ہے، جسے جدید ٹیکنالوجی، بہتر ڈرائیونگ رینج اور جدید حفاظتی فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئی ایم جی فور ای وی اربن میں 43 کلوواٹ آور بیٹری کے ساتھ فرنٹ وہیل ڈرائیو الیکٹرک موٹر نصب کی گئی ہے، جو 110 کلوواٹ پاور اور 250 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔ گاڑی ایک بار مکمل چارج ہونے پر ڈبلیو ایل ٹی پی معیار کے تحت تقریباً 316 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈی سی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی سے بھی لیس ہے، جس کی مدد سے بیٹری کو 10 فیصد سے 80 فیصد تک صرف 28 منٹ میں چارج کیا جا سکتا ہے، جو شہری اور طویل سفر دونوں کے لیے موزوں قرار دی جا رہی ہے۔

فیچرز کے اعتبار سے گاڑی میں 12.8 انچ انفوٹینمنٹ ٹچ اسکرین، وائرلیس ایپل کار پلے، اینڈرائیڈ آٹو، وائرلیس موبائل چارجنگ، ہیٹڈ فرنٹ سیٹس اور جدید ڈرائیور اسسٹنس سسٹمز شامل کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں بارشوں اور آندھی کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

حفاظتی سہولیات میں ایڈاپٹو کروز کنٹرول، آٹونومس ایمرجنسی بریکنگ، بلائنڈ اسپاٹ ڈیٹیکشن، لین کیپ اسسٹ اور 540 ڈگری ایچ ڈی کیمرا سسٹم جیسی جدید ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے تاکہ ڈرائیونگ کو مزید محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔

نئی الیکٹرک گاڑی کی رونمائی لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کی گئی، جس میں آٹو انڈسٹری سے وابستہ شخصیات، ڈیلرز اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

کمپنی نے ایم جی فور ای وی اربن کی پاکستان میں قیمت 69 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ گاڑی مقامی الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں اہم اضافہ ثابت ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top