خیبرپختونخوا میں بارشوں اور آندھی کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور آندھی کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پشاور، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع سمیت صوبے کے بیشتر حصوں میں آج رات سے 23 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے،جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس موسمی سلسلے کے دوران چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، خیبر، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ تاہم ان بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں جاری شدید گرمی کی لہر میں عارضی طور پر کمی آئے گی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ مختلف ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ، تیز ہواؤں اور آندھی سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کے متاثر ہونے کا بھی اندیشہ ہے، جس کے لیے کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے، ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے کے لیے مشینری تیار رکھی جائے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی فوری مکمل کی جائے۔

سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ تیز بارشوں کے دوران سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top