لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عید کے دنوں میں لاہور سمیت پورے ریجن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باوجود صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کسی بھی علاقے میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
انجینئر محمد رمضان بٹ کے مطابق اوور بلنگ، بجلی چوری اور نئے کنکشنز کے اجرا میں تاخیر جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ اوور لوڈنگ یا خرابی کے باعث جلنے والے ٹرانسفارمرز کو فوری تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایم جی موٹر نے پاکستان میں نئی الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی
انہوں نے مزید بتایا کہ موسم گرما کے دوران عوام کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام آپریشنل انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہری عید کی خوشیاں بغیر کسی پریشانی کے منا سکیں۔





