کراچی میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو ان کی نمایاں پیشہ ورانہ خدمات اور فرائض کی شاندار انجام دہی پر مختلف عسکری اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں مسلح افواج کے حاضر سروس و ریٹائرڈ سینئر افسران سمیت اعزازات حاصل کرنے والے اہلکاروں کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے تقریب کے دوران پاک بحریہ کے اہلکاروں کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں تمغے تفویض کیے۔
اعزازات حاصل کرنے والوں میں 18 کموڈروز شامل تھے جنہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا، جبکہ 11 کمانڈرز اور لیفٹیننٹ کمانڈرز کو تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
سی پی اوز اور سیلرز کی کیٹیگری میں مجموعی طور پر 184 اہلکاروں کو تمغہ خدمت (ملٹری) کے مختلف درجات تفویض کیے گئے، جن میں 33 کو تمغہ خدمت (ملٹری)-I، 82 کو تمغہ خدمت (ملٹری)-II اور 69 اہلکاروں کو تمغہ خدمت (ملٹری)-III دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس کی بڑی کارروائی ،غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ دلوانے والا گروہ دھر لیا گیا
اس کے علاوہ نیول چیف کی جانب سے 51 افسران، سی پی اوز، سیلرز اور نیوی سویلینز کو ان کی بہترین کارکردگی پر خصوصی ستائشی اسناد بھی عطا کی گئیں۔
یہ تقریب پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کے جذبے کو سراہنے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے حوالے سے اہمیت کی حامل تھی۔





