اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے عازمین کے لیے خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس کا مقصد حج کے سفر کو آرام دہ اور عبادات کو پرسکون بنانا ہے۔
عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری اور بھاری سامان ساتھ لے جانے سے مکمل گریز کریں اور اپنی تمام تر توجہ صرف ضروری اشیاء پر مرکوز رکھیں تاکہ دورانِ سفر انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج انتظامیہ کے مطابق تمام عازمین کے لیے نسک کارڈ، پاکستانی حج کارڈ اور رِسٹ بینڈ ہر وقت پاس رکھنا لازمی ہے کیونکہ یہ دستاویزات شناخت اور سفری سہولیات کے حصول کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
اس کے علاوہ عازمین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے چھتری، سن گلاسز اور پانی کی بوتل ہمراہ رکھنے کی تاکید کی گئی ہے، جبکہ اپنی روزمرہ کی ضروری ادویات بھی بیگ میں لازمی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ آرام دہ قیام کی خاطر چٹائی، اضافی احرام یا لباس، موبائل چارجر اور پاور بینک ساتھ رکھنا مفید ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی خدمات کا اعتراف، عسکری اعزازات سے نوازا گیا
وزارت نے واضح کیا ہے کہ سفر سے قبل بائیو میٹرک کی شرط لازمی ہے، جبکہ حجاج کی سہولت کے لیے مفت سعودی سمز کی فراہمی اور رہائش و ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی جامع قواعد و ضوابط ترتیب دیے گئے ہیں۔
ان ہدایات کا مقصد یہ ہے کہ عازمینِ حج مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات ادا کر سکیں اور انتظامی مسائل سے محفوظ رہیں۔





