خیبرپختونخوا میں کہیں بارش کی خوشی کہیں غم؛ آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ، 18 افراد ہسپتال منتقل

پشاور: پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے جہاں شدید گرمی کا زور توڑ کر موسم خوشگوار کر دیا ہے، وہیں کچھ علاقوں سے افسوسناک خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔

لنڈی کوتل کے علاقے بازار ذخہ خیل میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر کرک شہر اور اس کے مضافات میں بھی شدید آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سے نظام زندگی متاثر ہوا۔

دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایپل کا وہ فون جس کا سب کو انتظار تھا؛ فولڈ ایبل ماڈل کی انٹری

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بالائی علاقوں، اسلام آباد اور مری میں بادل برسنے کی قوی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بھی بادلوں کا راج رہے گا۔

بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی آنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو آسمانی بجلی اور طوفانی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top