حیات آباد میڈیکل کمپلیکس نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا
ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق تمام تقرریاں، انتظامی فیصلے، ترقیوں اور مالی امور ایم ٹی آئی ایکٹ 2015، بورڈ آف گورنرز کی پالیسیوں اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت انجام دیے جاتے ہیں۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ادارہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی تقرری، اقربا پروری یا بدعنوانی کی حمایت نہیں کرتا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر کسی کے پاس الزامات سے متعلق شواہد موجود ہیں تو انہیں متعلقہ قانونی اور ادارہ جاتی فورمز پر پیش کیا جائے تاکہ شفاف تحقیقات کی جا سکیں۔
ادارے نے مزید کہا کہ وہ ڈاکٹرز اور تمام ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اپنے عوامی خدمت، میرٹ، شفافیت اور احتساب کے مشن پر بدستور کاربند ہے۔





