پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیس کے کیش لیس نظام پر غور کیا گیا، جس میں نیشنل بینک، جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بینکوں کی طویل قطاروں سے نجات دلانا اور ادائیگی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ادائیگی نظام جلد از جلد نافذ کیا جائے۔ اجلاس میں شریک تمام اداروں نے اس نظام کے نفاذ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مزید برآں، 9 مئی 2026 سے پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کی فراہمی اور معیار کو بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو تیز، شفاف اور باوقار سہولیات فراہم کی جا سکیں
اس موقع پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے ریجنل پاسپورٹ آفس جی-10 اسلام آباد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کیش لیس نظام کی مانیٹرنگ بھی کی اور اس کے مؤثر نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو بھی نمایاں سہولت حاصل ہو رہی ہے۔





