فتنۂ الہندوستان کے دہشتگردوں نے آج پھر کوئٹہ میں معصوم شہریوں کو اپنی بزدلانہ دہشتگردی کا نشانہ بنایا، مینا مجید بلوچ

چمن پھاٹک کے قریب عید کی خوشیوں کے موقع پر ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، مسافروں سے بھری ٹرین کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے وقت بڑی تعداد میں شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اپنے گھروں کو عید منانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔

دھماکے اور فائرنگ کے اس دلخراش واقعے میں متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوگئے جبکہ جائے وقوعہ پر قیامت صغریٰ کا منظر دیکھنے میں آیا، ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر اس طرح کی خونریزی نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top