پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے چمن پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک سفاک اور بزدلانہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران اپنے گھروں کو جانے والے نہتے مسافروں، خواتین اور بچوں پر حملہ نہ صرف انسانیت بلکہ بلوچ روایات اور قومی اقدار پر بھی حملہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کا خون بہا کر کوئی نام نہاد جدوجہد نہیں کی جا سکتی۔
آج ایک بار پھر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کوئٹہ میں معصوم شہریوں کو اپنی سفاک دہشتگردی کا نشانہ بنایا۔ چمن پھاٹک کے قریب عید کی تعطیلات پر اپنے گھروں کو روانہ نہتے مسافروں، خواتین اور بچوں سے بھری ٹرین پر حملہ نہ صرف انسانیت بلکہ بلوچ روایات اور ہماری قومی اقدار پر بھی حملہ…
— Nawabzada Jamal Khan Raisani (@JamalRaisani) May 24, 2026
نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنی درندگی اور بزدلی کو ایسے واقعات کے ذریعے دنیا کے سامنے آشکار کر رہے ہیں تاہم بلوچستان کے غیور عوام ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے۔





