ایران امریکا معاملات میں اہم پیشرفت، فیلڈ مارشل کی کوششیں رنگ لے آئیں، وزیراعظم

ایران امریکا معاملات میں اہم پیشرفت، فیلڈ مارشل کی کوششیں رنگ لے آئیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاملات اب درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا اس وقت تاریخ کے ایک نہایت نازک موڑ پر کھڑی ہے اور خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مخلصانہ ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور مذاکرات کو مثبت سمت پر لانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غیرمعمولی کوششیں کیں۔ وزیراعظم کے مطابق فیلڈ مارشل نے اپنے دورہ تہران کے دوران ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس اہم سفارتی مشن کی کامیابی کے لیے مسلسل متحرک رہے اور اپنی مصروفیات کے باوجود اس عمل کو آگے بڑھاتے رہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات اب بہتری کی جانب گامزن ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کے تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک سفارتی دوستی کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار چین آنے پر ترقی اور جدید تعمیرات کا نیا منظر دیکھنے کو ملتا ہے، جو چین کی تیز رفتار ترقی کا مظہر ہے۔

اس موقع پر چینی وزیراعظم لی چیانگ نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ چینی مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

شہباز شریف نے امن اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی حمایت پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے چار نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا خواہاں ہے۔

دریں اثنا چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے قریبی رابطوں اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے علاقائی استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی اور عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

Scroll to Top