نوشہرہ میں آئل ٹرمینلز ماحولیاتی آلودگی کا سبب ، ای پی اے کا پی ایس او اور شیل کونوٹس جاری

محمد اعجازآفریدی
خیبرپختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) نے نوشہرہ میں قائم پی ایس او اور شیل آئل ٹرمینلز کو ماحولیاتی آلودگی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

حکام کے مطابق پی ایس او آئل ٹرمینل پبی میں 7 نومبر 2025 کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی تھیں، جس پر کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

ای پی اے کی مانیٹرنگ ٹیم نے معائنے کے دوران دونوں یونٹس میں انوائرمنٹل ایکٹ کے سیکشن 6، 11 اور 13 کی خلاف ورزیاں پائیں، جبکہ 14 اپریل 2026 کو ہونے والی سماعت میں بھی ٹرمینلز انتظامیہ ادارے کو مطمئن کرنے میں ناکام رہی۔

ای پی اے نے دونوں کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ادارے کی مصدقہ لیبارٹری سے سہ ماہی تجزیاتی رپورٹیں حاصل کریں اور 14 دن کے اندر عمل درآمد رپورٹ جمع کروائیں۔

عوامی تحفظ کے پیش نظر شیل ڈیپو انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اسکول کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں 30 منٹ تک اپنی گاڑیوں کی آمدورفت روک دےجبکہ تاروجبہ میں وافی شیل ڈپو کی بھاری گاڑیوں سے متاثرہ کمیونٹی روڈ کی فوری بحالی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں ٹرمینلز کو 50 ہزار سے 7 کروڑ روپے تک جرمانہ اور مسلسل خلاف ورزی پر یومیہ ایک لاکھ روپے اضافی جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

Scroll to Top