شہریوں کے لیے خوشخبری، ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1521 روپے رہی، جو اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.33 فیصد کم ہے۔ اس سے قبل شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1526 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی طرح جنوبی شہروں اور علاقوں میں بھی سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ گزشتہ ہفتے جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1537 روپے رہی، جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.16 فیصد کم ہے، جبکہ اس سے قبل یہ قیمت 1540 روپے فی بوری ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔ یاد رہے کہ 14 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران بھی شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت میں 2 روپے کمی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد حالیہ کمی نے شہریوں اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کو مزید ریلیف فراہم کیا ہے۔





