عید الاضحیٰ پر خیبرپختونخوا پولیس کا فول پروف سیکیورٹی پلان مکمل

خیبرپختونخوا میں عید الاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے صوبے بھر کی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کردیا ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر تمام اضلاع میں ہائی الرٹ جاری ہے جبکہ مساجد، عیدگاہوں، بازاروں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند پولیس کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت 1405 سے زائد پولیس اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری عید گاہوں، اہم چوراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں : عید کے بعد بڑا تعلیمی فیصلہ، 4 ہزار اساتذہ سرپلس پول میں جانے کا امکان

ڈی پی او مہمند رضا محمد نے کہا کہ مہمند پولیس عید الاضحیٰ اور قربانی کے موقع پر مکمل طور پر متحرک ہے اور شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

ادھر ضلع کرک میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران خان کی ہدایت پر نوجوانوں کیلئے خصوصی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ عید کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور دیگر خطرناک سرگرمیوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کرک پولیس کی جانب سے امام و خطباء کرام کے ذریعے جامع مساجد اور عیدگاہوں میں خصوصی اعلانات بھی کروائے گئے جن میں عوام کو ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ڈیموں اور نہروں میں نہانے جیسے خطرناک اقدامات سے اجتناب کی تلقین کی گئی۔

ضلع چارسدہ میں بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد وقاص خان نے کہا کہ ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی کیلئے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، اہم مقامات پر اضافی نفری اور ٹریفک کنٹرول پلان نافذ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کی ترکیےکے صدر سے گفتگو، خطے میں امن کے فروغ کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

آئی جی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر پورے صوبے میں پولیس، لیویز اور دیگر سیکیورٹی ادارے مشترکہ طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مساجد، عیدگاہوں، بازاروں، قربانی مراکز اور حساس مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے۔

پولیس حکام کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور پرامن عید منانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top