وزیراعظم کی ترکیےکے صدر سے گفتگو، خطے میں امن کے فروغ کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد دی، وزیراعظم نے ترکیے کی قیادت اور عوام کو بھی عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

دونوں رہنماؤں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ترک اورپاکستان کے درمیان تاریخی،آزمودہ اور برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں ہوئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائےگا، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر توجہ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری امن کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے پاکستان کے امن اقدام کیلئے ترکیےکی حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امن کے فروغ کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے فریضہ حج کی ادائیگی کے موقع پر امتِ مسلمہ اور دنیا بھر سے حج ادا کرنے والے حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت، فضل اور قرب حاصل کرنے کا عظیم موقع ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ تمام حاجیوں اور مسلمانوں کی عبادات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسلامی اقدار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی توفیق دے۔

یہ بھی پڑھیں : حج 2026: دنیا بھر سے 17 لاکھ 7 ہزار 310 عازمین نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرلی، سعودی حکام

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حج کا عظیم اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرتا ہے، محبت، ایثار اور باہمی تعاون ہی قومی و اجتماعی ترقی اور خوشحالی کا اصل راز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بطور قوم دنیا بھر میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے دعا گو ہے، جبکہ عالمی سطح پر عدل، انصاف، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انسانیت کی فلاح کے لیے مشترکہ کوششیں ممکن بن سکیں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر حج مبارک کہتے ہوئے پوری امت مسلمہ کیلئے خیر و برکت کی دعا بھی کی۔

Scroll to Top