عید الاضحیٰ

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحی کی خوشیاں منائی جارہی ہیں

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی فرزندانِ اسلام سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔
عید الاضحی کے موقع پر مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے نماز ادا کی اور امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عید الاضحی کے موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مسلمانوں کی خدمت اور عالمی امن و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور ترقی کی دعا بھی کی۔

سعودی عرب کے مختلف شہروں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، جدہ، دمام اور دیگر علاقوں میں قربانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سرکاری مذبح خانوں اور جدید سلاٹر ہاؤسز میں لاکھوں جانوروں کی قربانی دی جارہی ہے جبکہ حجاج کرام بھی حج کی ادائیگی کے بعد قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت قربانی کے گوشت کو محفوظ کرکے دنیا کے مختلف غریب ممالک تک پہنچانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
ترکیہ، لبنان، فلسطین، یمن اور عراق سمیت کئی اسلامی ممالک میں بھی آج عید الاضحی منائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عید الاضحیٰ پر خیبرپختونخوا پولیس کا فول پروف سیکیورٹی پلان مکمل

آسٹریلیا میں بھی مسلمان عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، جہاں وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد پہنچے اور مسلم کمیونٹی کو عید کی مبارکباد دی۔
امریکا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں بھی مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد آج عید الاضحی منا رہی ہے۔

لندن سمیت مختلف شہروں میں چاند رات کے رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوئے جہاں خواتین نے مہندی لگوائی جبکہ ملبوسات، چوڑیوں، جیولری، پرفیوم، کھلونوں اور روایتی کھانوں کے اسٹالز پر خوب رش دیکھنے میں آیا۔

عید الاضحی کے موقع پر مسلمان سنتِ ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دے رہے ہیں اور قربانی کا گوشت غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کرکے بھائی چارے اور ایثار کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

Scroll to Top