تیل کی قیمتیں ایک بار پھر آسمان کو چھونے لگیں، عالمی منڈی میں بڑا اضافہ ریکارڈ

تیل کی قیمتیں ایک بار پھر آسمان کو چھونے لگیں، عالمی منڈی میں بڑا اضافہ ریکارڈ

امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے عالمی معیشت اور توانائی منڈیوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 4 فیصد اضافے کے بعد 99.58 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) 93.89 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔ اس سے ایک روز قبل صورتحال اس کے برعکس تھی، جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے اور آبنائے ہرمز کھلنے کی امید پر قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

گزشتہ روز برینٹ کروڈ تقریباً 7 فیصد کمی کے بعد 96.30 ڈالر فی بیرل تک آگیا تھا، جبکہ WTI خام تیل 90.88 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا۔

تازہ امریکی حملوں کے بعد سرمایہ کاروں میں یہ خدشات مزید بڑھ گئے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی شدت اختیار کرسکتی ہے، جس کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی سپلائی اسی اہم بحری راستے سے گزرتی ہے، جس کی بندش یا رکاوٹ عالمی توانائی بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹس بھی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ مہنگائی میں اضافے کے خدشات نے عالمی معیشت کے لیے نئی تشویش پیدا کردی ہے۔

Scroll to Top