اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوگیا آسان

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے، اور اب یہ عمل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے آن لائن پورٹل کے ذریعے باآسانی مکمل کیا جا سکتا ہے۔ حکومتی اداروں کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی ٹیکس ریٹرن “IRIS” سسٹم کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی اہمیت اور طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے ایک خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ٹیکس نظام سے بہتر طور پر منسلک کرنا اور انہیں قانونی تقاضوں سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وہ تمام پاکستانی شہری جو بیرونِ ملک مقیم ہیں اور پاکستان میں آمدنی رکھتے ہیں، ان کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانا لازم ہے۔ اس آمدنی میں کرایہ پر دی گئی جائیداد، سرمایہ کاری، زرعی زمین اور کاروباری سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو متعدد سہولیات حاصل ہوتی ہیں جن میں کم ودہولڈنگ ٹیکس، بینکنگ لین دین میں آسانی اور جائیداد کی خرید و فروخت کے عمل میں مراعات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹیکس نظام کو زیادہ شفاف اور آسان بنا رہی ہے تاکہ وہ کم وقت میں اور بغیر کسی پیچیدگی کے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔

بیورو آف امیگریشن کے مطابق یہ اقدامات اس وسیع حکومتی پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top