پاکستان اور آسٹریلیا آج پہلے ون ڈے میں مدمقابل، راولپنڈی میں تمام تیاریاں مکمل
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں ٹیموں نے میچ سے پہلے بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اور اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
پاکستانی بیٹرز نے ٹریننگ سیشن کے دوران پہلے مرحلے میں فاسٹ بولرز جبکہ دوسرے مرحلے میں اسپنرز کے خلاف بیٹنگ کی مشقیں کیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی نیٹس میں موجود رہے اور کھلاڑیوں کو اہم ہدایات دیتے رہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ بھی میچ کے لیے مکمل طور پر تیار کر لی گئی ہے۔ میچ کا ٹاس شام 4 بجے ہوگا جبکہ کھیل کا آغاز شام 4:30 بجے کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن مسلسل کھلاڑیوں کی رہنمائی کر رہے ہیں، جبکہ نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنا بھی ٹیم کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستان کو ایک مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ میزبان ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لیا جا سکتا اور ان کی ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
کرکٹ شائقین کو دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔





